گونڈہ ، 24؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یوپی کے گونڈہ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اڑیسہ اور مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات کی جیت کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے ائیرکڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر سیاست پر بحث کرنے والوں کو اندازہ نہیں ہو گا کہ ملک میں کیسی آندھی چل رہی ہے۔ہمارے ملک کے عام شخص کی سوجھ بوجھ، جمہوریت کے تئیں اس کا احترام ، چاہے وہ پڑھے لکھے ہو یا نہ ہوں، اسکول کا منہ بھی دیکھا ہو یا نہ دیکھا ہو، گھر میں ٹی وی، ریڈیو یا اخبار آیا ہو یا نہ ہو، بھگوان شیو کی طرح ملک کے لوگوں میں ایک تیسری آنکھ ہوتی ہے، وہ تیسری آنکھ سے اندازہ لگا لیتے ہیں کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا ہے؟مودی نے آگے کہا کہ ہمارے ملک میں جھوٹے الزامات لگانے والے اور اناپ شناپ بکنے والوں کی کمی نہیں ہے،جھوٹ پھیلانا ان کی کوشش بھی ہوتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں جب سے میں نے بدعنوانی اور بلیک منی کے خلاف سخت قدم اٹھانا شروع کیا ہے اور جب سے 8؍نومبر کو نوٹ بند ی کا اعلان کیا ہے، تب سے کچھ طاقتیں جھوٹ پھیلانے میں لگی ہیں، ان لوگوں کی پریشانی یہ ہے کہ وہ بڑے بڑے لوگ ہونے کے باوجود بچ نہیں پائے، کچھ لوگوں نے تو یہ بھی کہہ دیا کہ مودی جی کچھ وقت تو دے دو۔یہی نہیں، جنہیں اس سے نقصان ہوا، آج وہ گلے لگتے دکھائی دے رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی یہاں ایس پی -کانگریس اتحاد پر نشانہ سادھ رہے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 15سالوں میں ایس پی والے کچھ بولیں گے ،تو بی ایس پی والے الٹا بولتے رہے ہیں، وہیں بی ایس پی کچھ بولے تو ایس پی، لیکن نوٹ بند ی پر دونوں ساتھ نظر آئیں ، 15سال میں ایک ہی الگ بات رہی ، وہ یہ ہے کہ جب نوٹ بند ی ہوئی تو دونوں ایک ہی سر میں بولے ’مودی بیکار ہے‘۔